ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / شکاری خود شکار؛ بیندور جنگل میں نوجوان کی مشکوک حالت میں موت

شکاری خود شکار؛ بیندور جنگل میں نوجوان کی مشکوک حالت میں موت

Sat, 18 Jun 2016 23:26:22  SO Admin   S.O. News Service

بیندور۱۸ جون (ایس او نیوز) جانوروں کا شکار کرنے جنگل گئے ہوئے چار دوستوں میں ایک دوست کی گولی لگنے سے موت واقع ہوگئی جس کی شناخت پرشانت شٹی (۲۳) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ حادثہ جمعہ کی شب قریب دوبجے ہلگیری مایکاڈو جنگل میں پیش آیا۔

انکیت شٹی، دیپو شٹی اورفانی نامی دوست جانوروں کا شکار کرنے پرشانت شٹی کو اپنے ساتھ جنگل لے گئے تھے، مگر جانوروں کا شکار کرنے کے دوران اچانک ایک گولی پرشانت شٹی کے سینے میں جالگی، پرشانت کو فوری اسپتال لے جایا گیا اور اُسے بچانے کی ہرممکن کوشش کی گئی، مگر وہ جانبر نہ ہوسکا۔ پولس اس بات کا پتہ لگارہی ہے کہ آخر اس کو گولی کس نے ماری ؟ پولس یہ جاننے کی کوشش میں لگی ہوئی ہے کہ کہیں جانور کو مارنے کے دوران غلطی سے پرشانت شٹی کو ہی گولی تو نہیں ماردی ؟ اور اس کے نتیجے میں اس کی موت ہوئی ؟ یا اسے قتل کرنے کے ارادے سے ہی جنگل لے جایا گیا تھا اور اُسے موت کے گھاٹ اُتار دیا گیا ؟

            واقعے کی اطلاع ملتے ہی بیندور پولس موقع پر پہنچی اور پرشانت کے دیگر تین دوستوں کو اپنی تحویل میں لے کر چھان بین شروع کردی۔ پولس ذرائع کے مطابق انکیت نے پولس کو پہلے بیان دیا کہ جب وہ لوگ شکارکرنے جنگل میں تھے تو اچانک پانچ لوگوں کا ایک گروپ بھی وہاں شکار کرنے پہنچ گیا، جس میں سے کسی نےسامنے سے گولی چلائی تھی جو سیدھے پرشانت کو جالگی۔ پرشانت کو گولی مارتے ہی وہ لوگ ایک کار پر بیٹھ کر فرار ہوگئے۔ پولس ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ اس طرح کا بیان دینے کے کچھ ہی لمحے بعد انکیت نے اپنا بیان بدل دیا۔ بتایا گیا ہے کہ انکیت اپنے والد سیتا رام شٹی کی لائسنس والی بندوق لے کر شکار کے لئے گیا تھا۔ اس دوران سیتارام شٹی نے پولس کو بتایا کہ اُسے اُس کے بیٹے نے بتایا تھا کہ بندوق لوڈ کرنے کے دوران اچانک گولی چل گئی جو سیدھے پرشانت کے سینے کو لگی۔ تینوں ساتھیوں نے پرشانت کو بچانے کی ہرممکن کوشش کی اور اُسے فوری اسپتال پہنچایا مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسا۔

پولس پورے معاملے کی چھان بین کررہی ہے۔ چھان بین کے بعد ہی واقعے کی اصلی تصویر سامنے آنےکی توقع ہے۔


Share: